سری نگر،24دسمبر(یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ، تنویر صادق نے بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف حالیہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اقلیتوں پر حملے انسانیت کے خلاف حملے تصور کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے نئی دلی میں پیش آئے حالیہ واقعے پر بھی افسوس اور تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت ہند اور حکومت بنگلہ دیش سے اپیل کی کہ وہ اقلیتوں کے مال و جان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
یہ باتیں انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر، نوائے صبح کمپلیکس میں میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں کہیں۔
تنویر صادق نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ آنے والے بجٹ اسمبلی سیشن میں عوامی مفاد کے معاملات کو ترجیح دی جائے گی اور اُمید ہے کہ اس سیشن میں حکومت عوامی راحت کے کاموں کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی ممبران کا کام لوگوں کے مسائل اور مطالبات کو سیشن میں اُجاگر کرنا ہوتا ہے جبکہ حکومت کا کام ان مسائل کے حل اور مطالبات کو پورا کرنا ہے۔
سرینگر میں بجلی سپلائی میں بہتری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں تنویر صادق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے عوام سے بہتر بجلی سپلائی کا وعدہ کیا ہے اور اس وعدے پر عمل کرتے ہوئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا کر شہر سرینگر کے 108 علاقوں کے تقریباً 1 لاکھ 25 ہزار کنبوں کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور دیگر اضلاع میں بھی یہ عمل جاری ہے۔
تنویر صادق نے مزید کہا کہ بجلی کے نظام کی بہتری کے ساتھ حکومت اپنے منشور کے مطابق 200 مفت بجلی یونٹس کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔
0
