0

ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کی جانب سے اجمیر شریف میں چادر چڑھائی گئی

سری نگر،26دسمبر(یو این آئی) سلطانِ ہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی(رح) کے 814 ویں عرس مبارک کی مناسبت سے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے اجمیر شریف میں مبارک چادر چڑھائی گئی۔ پارٹی کی طرف سے یہ سعادت راجیہ سبھا رکن و پارٹی ٹریجرر شمی اوبرائے اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر صوبہ و ایم ایل اے لالچوک احسان پردیسی نے انجام دی۔
اس موقعے پر سجادہ نشین الحاج سید فخرالمعین بھی موجود تھے۔ وفد نے روضۂ اقدس پر عالمِ اسلام کی سربلندی، اُمت مسلمہ کی خوشحالی، جموں و کشمیر میں امن و امان، بھائی چارے اور لوگوں کی فلاح و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
احسان پردیسی نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کی تعلیمات محبت، ہمدردی اور اتحاد کا سرچشمہ ہیں اور پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، امن اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے حضرت خواجہ صاحب کے پیغام کو اپنایا اور عام کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں