0

کشمیر میں 2025 کے دوران سڑک حادثات میں 202 ہلاکتیں، 3 لاکھ چالان اور 11.24 کروڑ ریونیو ریکارڈ

سری نگر،30دسمبر(یو این آئی)ٹریفک رورل کشمیر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) رویندر پال سنگھ نے منگل کو کہا ہے کہ ٹریفک پولیسنگ کا بنیادی مقصد انسانی جانوں کو بچانا اور سڑک حادثات میں کمی لانا ہے۔
سرینگر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی تعیناتی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کی جاتی ہے کہ ٹریفک قوانین کی سختی سے پاسداری ہو اور قانون شکن ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی قانونی دفعات کے تحت عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 میں شروع کیا گیا مشن نئے سال میں بھی برابر قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عوام میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور میں واضح اضافہ ہوا ہے اور لوگ خود بھی محفوظ ٹریفک نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا:’لوگ پہلے سے زیادہ باشعور اور تعاون کرنے والے بن چکے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ برسوں میں بھی ڈرائیور حضرات ٹریفک قوانین کی پابندی جاری رکھیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ محکمہ آنے والے دنوں میں آگاہی پروگراموں کو مزید تیز کرے گا، جن میں اسکولوں، کالجوں، سومو اسٹینڈز اور دیگر عوامی مقامات پر عہد برداری مہم، این سی سی کیڈیٹس اور سماجی شراکت داروں کی شمولیت اور ٹریفک انفراسٹریکچر کو مزید مضبوط کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
سالانہ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے ایس ایس پی رویندر پال سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے اس سال بہتر صورتحال دیکھنے کو ملی ہے۔
2024 میں جہاں 279 افراد ٹریفک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، وہیں سال 2025 کے دوران 202 اموات رپورٹ کی گئی ہیں، جو کہ ایک نمایاں کمی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سال بھر میں 3 لاکھ سے زائد چالان کاٹے گئے اور نفاذی کارروائیوں کے دوران 11.24 کروڑ روپے سے زیادہ ریونیو جمع ہوا، جب کہ کئی گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ سخت کارروائیوں کا مقصد جرمانہ وصول کرنا نہیں بلکہ سڑکوں کو محفوظ بنانا اور ڈرائیونگ کے ذمہ دارانہ رویے کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا:’ہماری تمام کوششوں کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کو بچانا ہے۔ ٹریفک نفاذ کا اصل ہدف محفوظ سفر، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور حادثات میں واضح کمی لانا ہے۔‘
محکمے کے مطابق نئی حکمت عملی، بہتر نگرانی اور عوامی تعاون سے 2026 میں حادثات میں مزید کمی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں