0

وادیٔ کشمیر میں تازہ برفباری سے رُت بدل گئی—سیاحتی مقامات پر چہل پہل، سیاحوں اور مقامی کاروباریوں کے چہرے کھل اُٹھے

سری نگر،30دسمبر(یو این آئی)وادیٔ کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں منگل کی دوپہر اچانک شروع ہونے والی تازہ برفباری نے سردیوں کی رُت کو ایک نئی تازگی بخشی ہے۔ خاص طور پر گلمرگ، سونہ مرگ، گریز، مژھل، پیر پنچال اور دیگر بالائی بستیاں چاندی کی چادر اوڑھتے ہی سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ کشمیر سے گزرا جس کے باعث شام کے وقت گلمرگ، گریز اور شمالی کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ تاہم محکمے نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کسی بڑے موسمی تغیر کی پیشگوئی نہیں کی ہے اور کہا کہ کہیں کہیں ہلکی برفباری یا بارش کا امکان برقرار ہے۔
گلمرگ، جو اس وقت دنیا بھر کے برفانی کھیلوں کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، تازہ برف باری کے بعد مکمل طور پر سیاحوں سے بھر گیا۔ گونڈولا کی کیبل لائنوں کے اوپر سفید برف کی تہریں جمنے کے ساتھ ہی ماحول میں سحر طاری ہوگیا۔ دہلی سے آئے ایک سیاح آکاش ملہوترا نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’ہم پچھلے دو دن سے برفباری کا انتظار کر رہے تھے۔ جیسے ہی برف گرجی، بچوں کی خوشی دیکھ کر سفر کی ساری تھکن دور ہوگئی۔ کشمیر واقعی سر زمینِ جنت ہے۔‘
ایک اور خاتون سیاح سروج رانا، جو راجستھان سے اپنے خاندان کے ہمراہ آئی ہیں، نے کہا: ’ہم نے کافی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں، یہاں کی تازہ برف اور پہاڑوں کا حسن الفاظ میں بیان نہیں ہوسکتا۔ اس بار کشمیر کا ٹرِپ ہماری زندگی کی خوبصورت ترین یاد رہے گی۔‘
مقامی ہوٹل مالکان اور گائیڈ حضرات کا کہنا ہے کہ تازہ برف نے موسم سرما کے کاروبار کو ایک نئی جان بخشی ہے۔ گلمرگ کے ایک مقامی گائیڈ عارف احمد نے بتایا: ’پچھلے کچھ ہفتوں سے موسم خشک تھا، جس کی وجہ سے بکنگ میں کمی آرہی تھی۔ لیکن آج کی برفباری کے بعد سیاحوں کے فون مسلسل آرہے ہیں۔ نئے سال کی بُکنگ تقریباً فل ہوچکی ہے۔‘
اسی طرح سونہ مرگ اور گریز میں بھی برف گرنے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ گریز کے ایک نوجوان تاجر شبیر لون نے کہا: ’برف پڑنے سے نہ صرف سیاح آتے ہیں بلکہ ہمارے بازاروں میں بھی رونق بڑھ جاتی ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے اس بار حالات کہیں بہتر لگ رہے ہیں۔‘
وادی میں اگرچہ اس وقت ’چلۂ کلان‘ چل رہا ہے—جو 40 دنوں کی سخت ترین سردی کا دور ہے—لیکن درجۂ حرارت معمول سے تین سے چار ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ پیر کے مقابلے منگل کی شب بھی رات کا درجہ حرارت زیادہ رہا۔ اس غیر معمولی حدت نے اگرچہ ماہرین کو تشویش میں مبتلا کیا ہے، تاہم تازہ برفباری نے موسمی منظرنامے کو کچھ حد تک معمول پر لانے کی کوشش کی ہے۔
انتظامیہ نے برفباری کے بعد تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دے دی ہے۔ سڑکوں کی بحالی، بجلی سپلائی اور ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں