سری نگر،13جنوری(یو این آئی) شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے فریٹ ٹرانسپورٹیشن میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے منگل کو پہلی کھاد بردار ریل گاڑی کو کامیابی کے ساتھ اننت ناگ گوڈز ٹرمینل تک پہنچایا۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ پیش رفت وادی کشمیر میں زرعی شعبے کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جس سے کسانوں تک کھاد کی ترسیل میں رفتار، سہولت اور شفافیت آئے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق 21 بی سی این ویگنوں پر مشتمل یہ فریٹ ٹرین مظفر نگر، اتر پردیش سے روانہ ہوئی تھی، جو تقریباً 1339 ٹن پی ڈی ایم کھاد لے کر آج اننت ناگ ریل ٹرمینل پہنچی۔ یہ کھاد انڈین پوٹاش لمیٹڈ کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ وادی میں کھاد کی براہِ راست ریل کے ذریعے آمد سے سڑک ٹرانسپورٹ پر انحصار کم ہوگا، اخراجات کم ہونگے اور کسانوں تک کھاد بروقت پہنچے گی۔ یہ قدم نہ صرف زرعی پیداوار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا، بلکہ اہم فصلوں کے سیزن کے دوران کھاد کی مسلسل دستیابی بھی یقینی بنائے گا۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اوچت سنگھل نے اس کامیابی کو ڈویژن کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کامیابی ہماری مارکیٹنگ ٹیم کی محنت کا ثمر ہے، جو وادی میں کھاد کی سپلائی چین کو جدید خطوط پر استوار کرے گی۔‘ انہوں نے مزید بتایا کہ جموں ڈویژن دیگر بڑی کھاد کمپنیوں سے بھی رابطے میں ہے تاکہ آئندہ مزید فریٹ ریک براہِ راست اننت ناگ ٹرمینل لائے جا سکیں۔
سنگھل نے اسے کشمیر میں کنیکٹیویٹی، تجارت اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق، ایسے اقدامات ریلوے کی اس پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت وادی کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ بہتر، تیز اور محفوظ طریقے سے جوڑا جا رہا ہے۔
0
