0

بجٹ اجلاس سے قبل اہم سرگرمیاں شروع عمر عبداللہ کی 24 محکموں کے ساتھ بجٹ سے قبل مشاورت کا آغاز

سرینگر// 20جنوری//یواین ایس جموں و کشمیر میں بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مختلف سرکاری محکموں کے ساتھ پیش بجٹ مشاورتی نشستوں کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ، جو ریاست کے وزیر خزانہ بھی ہیں، آج سے مختلف انتظامی محکموں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے تاکہ بجٹ 2026-27کو جامع اور مو ¿ثر بنایا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ خزانہ کی جانب سے تیار کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ 20، 21 اور 22 جنوری کو مجموعی طور پر 24 انتظامی محکموں کے ساتھ مشاورتی اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ ان میں سے آٹھ محکمے وہ ہیں جن کے قلمدان خود وزیراعلیٰ کے پاس ہیں۔شیڈول کے مطابق 20 جنوری کو وزیراعلیٰ ان آٹھ اہم محکموں کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے جو براہ راست ان کے زیرِ انتظام ہیں، جبکہ 21 اور 22 جنوری کو ان محکموں کے ساتھ میٹنگیںہوں گی جن کی سربراہی کابینہ کے دیگر وزراء کر رہے ہیں۔نوٹس کے مطابق محکمہ خزانہ نے تمام وزراء، وزیراعلیٰ کے مشیر، چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان اجلاسوں میں لازمی شرکت کریں تاکہ بجٹ سے متعلق اہم تجاویز اور ترجیحات پر غور کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق بجٹ 2025-26وزیراعلیٰ عمر عبداللہ 6 فروری کو قانون ساز اسمبلی میں پیش کریں گے۔ یہ دوسرا موقع ہوگا جب وہ خود بجٹ ایوان میں پیش کریں گے۔ اس سے قبل موجودہ مالی سال کا بجٹ 7 مارچ 2025 کو پیش کیا گیا تھا۔سیاسی و انتظامی حلقوں کے مطابق ان مشاورتی اجلاسوں کا مقصد ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اسکیموں اور مالی ترجیحات کو بجٹ میں مناسب جگہ دینا ہے تاکہ آنے والے مالی سال میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ بجٹ 2026-27کی تیاری کے سلسلے میں مرکزی سطح پر بھی سرگرم نظر آ رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے نئی دہلی میں منعقدہ یونین حکومت کی پیش بجٹ مشاورتی نشست میں شرکت کی جہاں انہوں نے جموں و کشمیر کو درپیش مالی چیلنجز کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے مرکز سے مزید مالی تعاون اور ادارہ جاتی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور مالی خود انحصاری کو مستحکم بنانے کے لیے اضافی وسائل کی مانگ بھی رکھی۔ ادھر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 فروری 2026 سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کا آغاز لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب سے ہوگا، جبکہ 6 فروری کو وزیراعلیٰ عمر عبداللہ ایوان میں بجٹ 2026-27پیش کریں گے، جس کے بعد بجٹ پر تفصیلی بحث کا سلسلہ شروع ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں