سری نگر،21جنوری(یو این آئی) نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر اور کابینہ وزیر سکینہ ایتو نے پی ڈی پی اور اس کی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبوبہ مفتی کے فریبی بیانات دراصل اُن کے ‘سیاہ کارناموں’ پر پردہ ڈالنے کی ناکام اور مذموم کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی پوری تاریخ اور اس کے رہنماؤں کا کردار ہمیشہ کشمیر دشمن اور عوام کُش پالیسیوں سے عبارت رہا ہے، جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر دہائیوں پیچھے دھکیل دیا گیا۔
ڈی ایچ پورہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کا خاتمہ، ریاستی درجہ چھن جانا اور عوام کو مسلسل مظالم کا سامنا کرنا پڑنا پی ڈی پی کی سیاسی سودا بازیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا:’جب سے جموں و کشمیر کے لوگوں نے پی ڈی پی کو یکسر مسترد کردیا ہے، تب سے اس جماعت کی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ اب اُن کے پاس صرف بیان بازی اور بے بنیاد تنقید کے سوا کچھ نہیں بچا۔’
محترمہ سکینہ ایتو نے الزام لگایا کہ 2002 سے 2008 تک پی ڈی پی نے غلط فیصلوں کے ذریعے جموں و کشمیر کو ‘آگ کے شعلوں میں دھکیل دیا’ اور 2014 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد 70 برس کا سرمایہ برباد کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار میں شامل کرکے انہیں وہ سب کرنے کا موقع فراہم کیا، جس کا وہ برسوں سے انتظار کررہے تھے۔
انھوں نے پی ڈی پی کے بانی مفتی محمد سعید پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ بطور وزیر داخلہ انہوں نے افسپا کا نفاذ، گاﺅکدل، ہندواڑہ، حول اور بجبہاڑہ جیسے سانحات کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو راتوں رات گھروں سے اُٹھا کر غائب کرنے کا سلسلہ بھی اسی دور میں شروع ہوا۔
انہوں نے محبوبہ مفتی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کریں اور عوام سے معافی مانگیں جن کی وجہ سے جموں و کشمیر ترقی کے راستے سے بھٹک کر دہائیوں پیچھے چلا گیا۔
اس سے قبل سکینہ ایتو نے ڈی ایچ پورہ حلقہ انتخاب کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے علاقے کے عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور ہرپورہ بنی ملہ میں جل شکتی (پی ایچ ای) محکمہ کے تحت واٹر سپلائی اسکیم کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ اہم منصوبہ علاقے کے لوگوں کو صاف، محفوظ اور مستقل پینے کا پانی فراہم کرے گا، جس سے برسوں سے جاری قلتِ آب کا خاتمہ ہوگا۔
0
