0

کشمیر میں آج شام سے وسیع پیمانے پر برف و باراں کا امکان

سری نگر، 22 جنوری (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں آج شام سے وسیع پیمانے پر برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اور اس دوران سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 22 اور 23 جنوری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے اور اس دوران چناب وادی، پیر پنچال رینج اور جنوبی کشمیر کے کچھ اضلاع میں 22 جنوری کی شام سے 23 جنوری کی شام تک بھاری برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے میدانی علاقوں میں پہلے درمیانی درجے کی بارشیں ہو سکتی ہیں جس کے بعد ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری شروع ہوسکتی ہے جبکہ نشیبی پہاڑی علاقوں میں آج رات گئے اور کل صبح کے وقت درمیانی سے بھاری برف کا امکان ہے۔
کشمیر ویدر کے مطابق مغربی ہوائیں آج دوپہر سے شمالی کشمیر کے زیادہ علاقوں کو متاثر کرسکتی ہیں اور رات کے اوقات میں، جموں و کشمیر کے زیادہ تر حصے اس کے زیر اثر آسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مغربی ہوا کی لہر کے نتیجے میں کشمیر کے میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پر برف باری کا امکان ہے جبکہ پونچھ، ڈوڈا، کشتواڑ، رام بن اور کٹھوعہ اضلاع کے کچھ علاقوں میں بھی برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ اثرات کا دورانیہ آج رات سے کل دیر دوپہر تک رہے گا، حالانکہ کچھ علاقوں میں بارش/برفباری 24 جنوری کی صبح تک جاری رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں سردی کی لہر اور طویل سردی کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر ویدر کے مطابق وادی کے میدانی علاقوں میں برف کی گہرائی برف باری کی شدت پر منحصر ہے تاہم کچھ پہاڑی علاقوں میں 2 سے 4 فٹ برف جمع ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے بھاری بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 23 جنوری کو وادی میں زمینی و فضائی ٹریفک متاثر ہونے کے بعد امکانات ہیں۔
حکام نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ محکمہ ٹریفک اور انتظامیہ کی طرف سے جاری مشوروں کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران زراعت سے متعلق اپنے کام معطل رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے جبکہ کہیں کہیں لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خطارت ہیں۔
موصوف ترجمان کا کہنا ہے کہ 24 جنوری کو کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں جبکہ 25 جنوری کو بھی کچھ مقامات پر اسی نوعیت کی موسمی صورتحال جاری رہ سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں 26 اور 27 جنوری کو ایک بار پھر وادی میں بیشتر مقامات پر ہلکی یا درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جبکہ اس دوران کچھ مقامات پر بھاری برف باری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 28 سے 31 جنوری تک موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں