سری نگر،23جنوری(یو این آئی) وادی کشمیر میں گزشتہ شب آنے والی تیز ہواؤں اور بھاری برفباری سے بجلی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور بیشتر علاقوں میں سپلائی معطل ہے۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو بتایا کہ انتظامیہ جنگی بنیادوں پر بجلی بحالی کے کاموں میں مصروف ہے، تاہم شدید موسمی حالات اور درختوں کے بجلی لائنوں پر گرنے سے بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وادی میں معمول کے مطابق 1700 میگاواٹ کی بجلی سپلائی ہوتی ہے، لیکن خراب موسم کے بعد یہ گرتے گرتے 100 میگاواٹ سے بھی کم رہ گئی ہے کیونکہ تقریباً تمام 33کے وی فیڈرز متاثر ہوئے ہیں، جن میں وہ لائنیں بھی شامل ہیں جو ایمرجنسی خدمات تک بجلی پہنچاتی ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ کے پی ڈی سی ایل کی ٹیمیں فیلڈ میں کام پر مامور ہیں، مگر وسیع پیمانے پر درختوں کے گرنے اور تیز ہواؤں کی وجہ سے رکاوٹیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نقصان کا تخمینہ لگانے کا کام جاری ہے لیکن موسم کی شدت کے باعث اس میں وقت درکار ہوگا۔
گزشتہ رات کی تیز آندھی نے سرینگر سمیت وادی کے کئی حصوں میں درخت اکھاڑ دیے، بجلی کے کھمبے، چھتیں اور متعدد ڈھانچے تباہ ہوئے جبکہ بے شمار علاقوں میں بجلی سپلائی مکمل طور پر منقطع ہوگئی۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقریباً پورا بجلی نظام بیٹھ گیا تھا، کیونکہ شدید ہواؤں نے سپلائی کو متاثر کیا۔ محکمہ اس کی بحالی پر تیزی سے کام کر رہا ہے اور امید ہے کہ جلد صورتحال بہتر ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح بجلی، سڑکوں اور پانی کی فراہمی کی بحالی ہے۔’ابتدا میں اے کیٹیگری سڑکیں کھولی جا رہی ہیں، اس کے بعد بی اور سی کیٹیگری روٹس کو بھی صاف کیا جائے گا۔ بجلی کے بعد سڑکیں اور پھر پانی، دیگر کام بعد میں ہوں گے۔‘
عمر عبداللہ نے وادی میں ہونے والی پہلی باقاعدہ برفباری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اگرچہ یہ تاخیر سے ہوئی ہے لیکن “دیر آئے درست آئے” کے مصداق یہ برفباری گرمیوں میں پانی کے ذخائر کے لئے انتہائی ضروری ہے۔’چلہ کلان کی برفباری گرمیوں میں فائدہ دیتی ہے، اس لئے ہم شکر گزار ہیں کہ اس ماہ برف پڑی۔ مزید برفباری ہو تو بہتر ہے، یہ ہمارے لئے نعمت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ تازہ برفباری کے بعد سیاحتی رجحان میں بھی اضافہ متوقع ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق گلمرگ میں دو فٹ سے زیادہ برف پڑی ہے، ہمیں امید ہے کہ سیاحوں میں اضافہ ہوگا اور اس سے ہمارے اسکینگ کورسز بھی بہتر انداز سے چل سکیں گے۔
0
