0

یوم جمہوریہ پر بہادری کے تمغے—جموں و کشمیر پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ قوم کی ڈھال ہے: منوج سنہا

سری نگر،25جنوری(یو این آئی)یوم جمہوریہ 2026 کے موقع پر جموں و کشمیر پولیس کے بہادر اہلکاروں اور افسران کو مختلف اعلیٰ اعزازات سے نوازے جانے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایل جی سنہا نے اپنے پیغام میں کہا کہ جن پولیس اہلکاروں کو گیلینٹری میڈل، صدرِ جمہوریہ میڈل برائے نمایاں خدمات اور میڈل برائے قابل تحسین خدمات سے سرفراز کیا گیا ہے، وہ ملک کی سلامتی اور امن کے لیے غیر معمولی قربانیاں دیتے آئے ہیں، اور قوم ان کی جرات، ایثار اور پیشہ ورانہ مہارت کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا:’جموں و کشمیر پولیس نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں بھی اپنے فرض کو اولین ترجیح دی ہے۔ ان کا حوصلہ اور دیانتداری ہم سب کے لیے فخر اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔‘
ایل جی نے جموں و کشمیر پولیس سروس کے ان اہلکاروں کو بھی مبارکباد دی جنہیں میڈل برائے قابل تعریفی خدمات سے نوازا گیا۔ ان کے مطابق اصلاحی اداروں کی خدمات اکثر پس منظر میں رہتی ہیں، مگر امن و امان کے نظام میں ان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
منوج سنہا نے امید ظاہر کی کہ ان اعزاز یافتہ اہلکاروں کی بہترین کارکردگی نوجوانوں کو خدمت، ایمانداری اور بہادری کی راہ اپنانے کی ترغیب دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں