0

حکومت جموں و کشمیر میں انٹرا پرینیورشپ کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے: عمر عبداللہ

جموں، 29 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ حکومت جموں و کشمیر میں انٹرا پرینیورشپ کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی بنیاد ڈال دی گئی ہے اور اس پر عمارت تعمیر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ انٹراپرینیر شپ کے استحکام کے لئے بیچ بیچ میں پالسیوں کو بدلنا ہوگا تاکہ انٹراپرینیورز کی فنڈنگ کو یقینی بنایا جاسکے جس سے وہ اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے اس میں کامیابیاں حاصل کی ہیں اس پر زیادہ سے زیادہ بات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دوسروں کو ان چیزوں کے بارے میں جانکاری مل سکے۔
عمر عبداللہ نے کہا: ‘بے روزگاری کا مسئلہ صرف سرکاری نوکریوں سے حل نہیں کیا جاسکتا ہے، میں نوجوانوں کو یہ بھی نہیں کہہ سکتا ہوں کہ باہر کی ریاستوں میں جاکر روز گار حاصل کریں کیونکہ ہمارے لوگوں کا جو حال باہر ہو رہا ہے وہ سب کو معلوم ہے، پچھلے دنوں جو ہماچل پردیش میں ہوا اور اب وہ اترا کھنڈ میں ہوا’۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘جو فیکٹریاں بند ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ ان کو دوبارہ قائم کیا جائے اور جو چلنے کے لائق نہیں ہیں ان کو دوسرا کام شروع کرنے کے لئے مدد کی جائے گی اگر ایسا بھی ممکن نہیں ہے تو جو ان کو زمین الاٹ کی گئی ہے اس کو کسی دوسرے کا دیا جائے گا تاکہ وہ انڈسٹری قائم کر سکے’۔.
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کے ایک بیان کے بارے میں ان کا کہنا تھا: اب جب شرد پوار صاحب نے کہا کہ یہ (اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت) ایک حادثہ ہے اس میں ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہئے، اب مجھے نہیں لگتا ہے کہ مجھے اس پر کوئی بات کرنی چاہئے’۔
بجٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے لئے ایک اچھے خاصے پیکیج کی امید کرتے ہیں، پہلی مرتبہ ہے کہ جموں و کشمیر میں انڈسٹری کے لئے مرکز کا کوئی پیکیج نہیں ہے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں