0

سری نگر کے رکن پارلیمان اور سابق میئر کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹا مواد پھیلانے پر مقدمے درج: پولیس

سری نگر، 4 مارچ (یو این آئی) پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹے، من گھڑت اور گمراہ کن مواد کی تشہیر سے متعلق موصولہ مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے آغا سید روح اللہ مہدی (رکن پارلیمان) اور جنید عظیم متو (سابق سری نگر مئیر) کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
سری نگر پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ زیر بحث مواد بظاہر مسخ شدہ بیانیے اور غیر مصدقہ معلومات کی ترسیل پر مشتمل تھا، جو عوامی بے چینی اور سماجی ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کا سبب بن سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی دانستہ غلط معلومات کی اشاعت امن، سلامتی اور مجموعی استحکام کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں سائیبر پولیس اسٹیشن سری نگر میں بھارتیہ نیائے سنتہا (بی این ایس) کی دفعات 197(1) (ڈی) اور 353(1)(بی) کے تحت ایف آئی آر نمبر 2/2026 اور 3/2026 درج کئے گئے اور دونوں مقدمات کی تحقیقات شروع کی گئیں۔
سری نگر پولیس نے عوامی امن اور قانون و نظم کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آن لائن مواد شیئر کرنے سے قبل مستند اور سرکاری ذرائع سے معلومات کی تصدیق کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ مواد کی تشہیر سے گریز کریں جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی یا عوامی نظم و نسق میں خلل ڈال سکتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں