0

پی ایم مدرا یوجنا کے 11 سال مکمل،ہر خواب کو پروان چڑھانے کے لیے مناسب تعاون فراہم کیا جاتا // وزیر اعظم نریندر مودی

سرینگر//8اپریل// وزیر اعظم نریندر مودی نے پردھان منتری مدرا یوجنا کے 11 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک اہم اور تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اسکیم نے نہ صرف قرض تک رسائی کے نظام کو یکسر تبدیل کیا ہے بلکہ ملک میں معاشی خودمختاری، خود روزگاری اور کاروباری کلچر کو بھی نئی جہت دی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم مدرا یوجنا نے لاکھوں افراد کو اپنے خواب دیکھنے کا حوصلہ دیا اور انہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے مالی وسائل فراہم کیے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ایک مضبوط اور فعال کاروباری ماحول پروان چڑھا ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس پہل نے روایتی رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے عام لوگوں، خاص طور پر نچلے اور متوسط طبقے کو بااختیار بنایا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا”جب ہم اپنے عوام کی صلاحیتوں اور امنگوں پر اعتماد کرتے ہیں تو وہ ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتے ہیں۔“وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مدرا یوجنا دراصل ایک ایسے اقتصادی نظریے کی نمائندگی کرتی ہے جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع میسر ہوں، نئی سوچ اور اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ہر خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مکمل سرکاری تعاون فراہم کیا جائے۔اپنے بیان میں وزیر اعظم نے خاص طور پر نوجوانوں (یوا شکتی) اور خواتین (ناری شکتی) کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مدرا یوجنا نے ان دونوں طبقات کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچایا ہے۔ اس اسکیم کے تحت لاکھوں نوجوانوں اور خواتین نے پہلی بار کاروبار شروع کیے، جس سے نہ صرف ان کی ذاتی آمدنی میں اضافہ ہوا بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری اور نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدرا یوجنا ایک سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا”پی ایم مدرا یوجنا نے لاکھوں لوگوں کو خواب دیکھنے کا اعتماد اور انہیں پورا کرنے کے وسائل فراہم کر کے قرض تک رسائی کی تعریف بدل دی ہے۔ رکاوٹوں کو دور کر کے اور ہمارے عوام کی امنگوں پر اعتماد کرتے ہوئے، اس نے پورے بھارت میں کاروباری جذبے کو مضبوط کیا ہے۔“ان کا کہنا تھامدرا یوجنا کی تبدیلی لانے والی صلاحیت کی ایک جھلک اور یہ کس طرح ہماری یوا شکتی اور ناری شکتی پر مثبت اثر ڈال رہی ہے۔“پی ایم مدرا یوجنا ایک ایسے اقتصادی نظریے کی عکاسی کرتی ہے جہاں مواقع سب کے لیے دستیاب ہیں، اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور ہر خواب کو پروان چڑھانے کے لیے مناسب تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔“سرکاری شہری رابطہ پلیٹ فارم MyGovIndia نے بھی مدرا یوجنا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی اقتصادی انقلاب ہمیشہ بڑے اداروں سے شروع نہیں ہوتا بلکہ ایک چھوٹے قرض، مقامی آئیڈیا اور ہمت سے جنم لیتا ہے۔پلیٹ فارم کے مطابق، مدرا یوجنا نے خاموشی کے ساتھ ہندوستانی معیشت کی بنیاد کو مضبوط کیا ہے۔ بغیر ضمانت قرض کی سہولت نے نہ صرف غیر رسمی قرض دہندگان پر انحصار کم کیا بلکہ مالی شمولیت کو فروغ دیا اور نچلی سطح پر مالیاتی نظم و ضبط کو بھی مستحکم کیا۔اعداد و شمار کے مطابق، اس اسکیم کے تحت لاکھوں چھوٹے کاروبار قائم ہوئے، جنہوں نے مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے۔ اس کے نتیجے میں غیر رسمی کاروبار آہستہ آہستہ باضابطہ معیشت کا حصہ بن رہے ہیں، جو کہ ملکی اقتصادی استحکام کے لیے نہایت اہم پیش رفت ہے۔MyGovIndia کے مطابق، گزشتہ 11 برسوں میں مدرا یوجنا نے 52 کروڑ سے زائد افراد کو روزگار کے متلاشی سے کاروباری افراد میں تبدیل کیا ہے، جو اس اسکیم کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔واضح رہے کہ پردھان منتری مدرا یوجنا کا آغاز سال 2015 میں کیا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد چھوٹے تاجروں، ہنر مند افراد، نوجوانوں اور خواتین کو 10 لاکھ روپے تک بغیر ضمانت قرض فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم نے خاص طور پر ان طبقات کو سہارا دیا ہے جو روایتی بینکنگ نظام تک رسائی نہیں رکھتے تھے۔ماہرین کے مطابق، مدرا یوجنا نے ہندوستان میں ایک خاموش معاشی انقلاب برپا کیا ہے، جہاں چھوٹے خواب بڑے کاروباروں میں تبدیل ہو رہے ہیں اور عام آدمی ملک کی ترقی میں براہ راست حصہ دار بن رہا ہے۔ یہ اسکیم نہ صرف خود روزگاری کو فروغ دے رہی ہے بلکہ ملک کو ایک مضبوط، خود کفیل اور جامع معیشت کی طرف بھی لے جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں