کوکرناگ، 14 اپریل 2026: بزمِ ادب برنگ کوکرناگ نے مراز ادبی سنگم کی سرپرستی میں آج کوکرناگ میں ایک شاندار ادبی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ادب سے وابستہ شخصیات، شعرا اور شائقینِ ادب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مدثر ردا نے ہدیۂ نعت پیش کیا۔ اس موقع پر بزم ادب برنگ کے سابق صدر عبدالسلام کوثر، اظہار مبشر کے والد اور ریاض انزنو کی والدہ کے انتقال پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پہلی نشست میں یوسف جہانگیر نے کشمیری کے عظیم شاعر پیرزادہ غلام احمد مہجور کی ادبی خدمات پر ایک جامع مقالہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہجور نے نہ صرف شاعری بلکہ تحقیقی میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور کشمیری زبان و ادب کے فروغ میں ان کا کردار کلیدی رہا ہے۔
دوسری نشست میں علی شیدا کو سال 2025 کے ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ کے حصول پر بزم ادب برنگ کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر انہیں توصیفی شیلڈ، شال اور سند پیش کی گئی۔ اشرف راوی نے علی شیدا کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں منفرد اسلوب کا شاعر قرار دیا۔
اسی موقع پر مراز ادبی سنگم کے صدر ڈاکٹر محمد شفیع ایاز، سابق صدر یوسف جہانگیر اور جنرل سیکرٹری اظہار مبشر کو بھی توصیفی شیلڈز سے نوازا گیا، جبکہ عبد القدوس حیران کے نعتیہ مجموعہ “گلدستۂ نعت” کی رسمِ اجرا بھی انجام دی گئی۔
تقریب کے آخری مرحلے میں ایک پُروقار محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی، جس میں جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے شعرا نے اپنا کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔
تقریب کی صدارت ڈاکٹر محمد شفیع ایاز نے کی، جبکہ ایوانِ صدارت میں علی شیدا، یوسف جہانگیر، رشید صدیقی اور عبد القدوس حیران شامل تھے۔ نظامت کے فرائض مشروع نصیب آبادی نے انجام دیے۔
اختتامی نشست میں مراز ادبی سنگم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں رواں سال کے پروگراموں، خصوصاً سالانہ کانفرنس کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر محمد شفیع ایاز نے کہا کہ بزمِ ادب برنگ اب باصلاحیت نوجوان ادیبوں کے ہاتھوں میں ہے جو مستقبل میں ادبی روایت کو مزید مستحکم کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر ریاض انزنو، ساگر سلام اور مدثر ردا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
