0

وادی کے پہاڑی علاقوں میں برفباری میدانی علاقوں میں بارشیں

سرینگر//17اپریل// کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اتوار تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے سلسلے جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارالحکومت سرینگر میں اس دوران 2.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر علاقوں میں قاضی گنڈ میں 4.4 ملی میٹر، کپواڑہ میں 6 ملی میٹر جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں سب سے زیادہ 7 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 5.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے 0 سے 3 ڈگری سیلسیس زیادہ رہا، جبکہ سب سے کم کم سے کم درجہ حرارت گلمرگ میں 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 19 اپریل تک وادی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور کئی مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ یہ موسمی سرگرمیاں زیادہ تر صبح اور شام یا رات کے اوقات میں متوقع ہیں۔محکمہ نے مزید خبردار کیا کہ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جس کے پیش نظر کسانوں اور عام لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تاہم 20 اپریل سے 24 اپریل کے دوران موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے اور زیادہ تر علاقوں میں خشک موسم غالب رہے گا۔ 25 اور 26 اپریل کو بھی عمومی طور پر خشک موسم رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ مقامات پر دوپہر کے اوقات میں ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے تازہ ترین ایڈوائزری پر عمل کریں۔یو این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کو وادی گریزسے جوڑنے والی اہم 85 کلومیٹر طویل بانڈی پورہ،گریز شاہراہ کو جمعہ کے روز تازہ برفباری کے بعد ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق رازدان ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث سڑک انتہائی پھسلن زدہ ہوگئی ہے اور حدِ نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے پیش نظر احتیاطی طور پر ٹریفک معطل کر دیا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ شاہراہ اسٹریٹیجک اعتبار سے نہایت اہم ہے اور گریزوادی کو ضلع ہیڈکوارٹر بانڈی پورہ سے جوڑتی ہے، تاہم خراب موسمی حالات کے باعث یہاں سفر خطرناک بن گیا ہے۔ متعلقہ حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوری طور پر گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کا فیصلہ کیا۔سب ڈویڑنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) گریزمختار احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ “بانڈی پورہ،گریزروڈ پر ٹریفک اگلے احکامات تک معطل رہے گی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی اور زمینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی سڑک کو دوبارہ کھولا جائے گا۔انتظامیہ نے عوام، خاص طور پر مقامی باشندوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ حکام نے یہ بھی کہا کہ متعلقہ محکمے سڑک سے برف ہٹانے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ جیسے ہی حالات سازگار ہوں، ٹریفک بحال کیا جا سکے۔دریں اثنا، برفباری کے باعث علاقے میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے، جبکہ حکام صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں