0

منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی راجوری میں پدیاترا، منشیات کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

راجوری، 18 اپریل: عقاب ویب ڈیسک/
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ے آج ضلع راجوری میں ’ڈرگ فری جموں و کشمیر‘ مہم کے تحت پدیاترا میں شرکت کی اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سرحدی ضلع راجوری حساس علاقہ ہے اور یہاں سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ کا خطرہ موجود رہتا ہے، تاہم حکومت ان چیلنجز کو ختم کرنے، منشیات کے نیٹ ورک کو توڑنے اور معاشرے کو نشے سے پاک کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 11 اپریل سے جموں کشمیر پولیس جموں ڈویژن میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے، جس کے دوران 45 سے زائد ایف آئی آر درج کی گئیں، 63 اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا اور بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اسکولوں، فارمیسیز اور ڈرگ ایجنسیوں میں بھی باقاعدہ چیکنگ کی جا رہی ہے اور یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہر جنگ سرحدوں پر نہیں لڑی جاتی بلکہ کچھ لڑائیاں خاموشی سے گھروں کے اندر بھی جاری رہتی ہیں، جہاں کئی خاندان نشے کی لعنت سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 اپریل کو ایم اے اسٹیڈیم سے 100 روزہ مہم کا آغاز کیا گیا جس کا مقصد منشیات کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنا ہے۔

انہوں نے نشے کو صرف ایک ذاتی کمزوری قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاشرے کے لیے ایک ناسور ہے اور دشمن ملک اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ دہشت گردی کو فروغ دیا جا سکے اور ملک کو اندر سے کمزور کیا جا سکے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ سات دنوں میں درج مقدمات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے اور اگلے 100 دنوں میں منشیات کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر توڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب عوام اور انتظامیہ متحد ہو جائیں تو کوئی بھی اسمگلر یا مجرم بچ نہیں سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ اس مہم میں احتیاطی اقدامات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیں منشیات کے پھیلاؤ سے پہلے اپنے نوجوانوں تک پہنچنا ہوگا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، کھیل کے میدانوں اور سماجی مراکز میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس اور دیگر ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور کوئی بھی مجرم بچنے نہ پائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اسمگلنگ نیٹ ورک کو ختم کرنے اور فوری انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نشے کے عادی افراد کی مکمل بحالی کے لیے شناخت، کونسلنگ، ڈی ٹاکس، بحالی اور بعد از نگہداشت تک ہر مرحلے پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ بحالی پانے والوں اور گرفتار اسمگلروں کی ہفتہ وار رپورٹ تیار کی جائے اور غیر قانونی مراکز کو بند کیا جائے۔

اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے انسدادِ منشیات حلف بھی دلوایا اور ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت راجوری پریمیئر لیگ اور راجوری فٹبال کلب کا بھی آغاز کیا۔

تقریب کے دوران فنکاروں نے میوزیکل اوپیرا کے ذریعے منشیات کے نقصانات کے حوالے سے بیداری بھی پیدا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں