بچاؤ کارروائیاں جاری، اعلیٰ حکام موقع پر موجود؛ مرکزی و مقامی قیادت کا اظہارِ افسوس
ادھم پور، 20 اپریل (عقاب ویب ڈیسک): جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیر کے روز ایک دلخراش سڑک حادثے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق جبکہ 16 دیگر زخمی ہو گئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک مسافر بردار بس رام نگر سے ادھم پور کی جانب جا رہی تھی کہ جلو (کنوٹ) علاقے کے قریب نامعلوم وجوہات کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ “حادثے میں 15 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 16 زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔”
حادثے کے فوراً بعد پولیس، مقامی انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاؤ و راحت کام شروع کیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ادھم پور شیو کمار شرما بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ادھم پور منگا شیرپا سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ شدید زخمیوں کو ایئر لفٹ کرنے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلسل مقامی انتظامیہ اور اپنی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی اس المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی جتائی اور کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
