سرینگر:23/اپریل/عقاب ویب ڈیسک/جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے حضرت بل علاقے سے پولیس نے ایک خاتون سمیت چار بالائے زمین کارکنوں (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق ان افراد کو بدھ کی رات ایک کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا، جن پر دہشت گردوں کو لاجسٹک مدد فراہم کرنے کا الزام ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت ظہور احمد میر، بشیر احمد بھٹ اور غلام محمد بھٹ کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ گرفتار خاتون کی پہچان شازیہ محمد کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد حضرت بل کے ہی رہائشی ہیں اور ان کی گرفتاری سے علاقے میں دہشت گردی کی سہولت کاری کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ان کے قبضے سے ایک دستی بم (ہینڈ گرنیڈ)، اے کے 47 رائفل کے 15 راؤنڈز، چار موبائل فونز اور کچھ نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے بعد ملزمان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) اور آرمز ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
0
