0

انسانیت کی مثال: عادل کی قربانی پر خاندان کو نئے گھر کا تحفہ

اننت ناگ: 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں پیش آنے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران سیاحوں کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے سید عادل حسین شاہ کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انسانیت کی بنیاد پر ان کے خاندان کے لیے ایک نئے مکان کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا، جو اب مکمل ہو چکا ہے۔ اس ایک منزلہ پختہ مکان کی تعمیر تقریباً ایک سال میں مکمل کی گئی اور سانحہ کی پہلی برسی کے موقع پر ایک باوقار تقریب میں اس کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں ایکناتھ شندے نے بذریعہ آن لائن شرکت کی، جبکہ کابینہ وزیر سنجے شرسات، یوگیش رام داس کدم اور شیو سینا کے یووا سینا مبصر باجی راؤ چوہان اس موقع پر ذاتی طور پر موجود رہے۔ تقریب کے دوران عادل حسین شاہ کی بہادری اور انسانیت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

باجی راؤ چوہان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عادل حسین شاہ نے بے مثال جرات اور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ ایکناتھ شندے نے عادل کے خاندان سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے نہ صرف نیا مکان فراہم کیا بلکہ ضروری اشیائے خوردونوش، راشن اور پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد بھی دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیو سینا آئندہ بھی ضرورت کے وقت اس خاندان کی مدد جاری رکھے گی۔

عادل حسین شاہ کے والد سید حیدر شاہ نے ایکناتھ شندے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کی جدائی کا دکھ آج بھی تازہ ہے، لیکن اس مدد نے ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل خاندان کا سہارا تھا، تاہم اس کے بعد جس طرح مدد فراہم کی گئی اس سے انہیں اپنے بیٹے کی کمی کسی حد تک کم محسوس ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر ہے کیونکہ اس نے مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خاطر سیاحوں کی جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی جان دے دی۔

یہ واقعہ نہ صرف عادل حسین شاہ کی بے مثال قربانی اور بہادری کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ اس بات کی بھی علامت ہے کہ انسانیت، ہمدردی اور ایثار جیسے اقدار ہی معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 22 اپریل کو پہلگام کے بائیسرن وادی میں دہشت گردوں نے سیاحوں پر حملہ کیا تھا جس میں 25 سیاح اور ایک مقامی گھوڑا بان سید عادل حسین شاہ جاں بحق ہو گئے تھے۔

عادل نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی تھی جس دوران اسے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، عادل ضلع اننت ناگ کے دوردراز علاقہ ہاپت ناڈ کے رہائشی ہیں۔ وہ ایک مفلس خاندان سے تعلق رکھتے تھے، وہ سیاحتی مقام پہلگام میں گھوڑا چلانے کا کام کرکے اپنے خاندان کی کفالت کر رہا تھا، عادل کے پاس اپنا گھوڑا بھی نہیں تھا، وہ کرایہ پر گھوڑا لے کر روزی کما رہا تھا۔ عادل کی ہلاکت کے بعد ان کا خاندان واحد کفالت کرنے والے سے محروم ہوگیا ،تاہم مہاراشٹر کے ڈپٹی چیف منسٹر عادل کے خاندان کے لئے نیا گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا اور پانچ لاکھ کی رقم بھی فراہم کی گئی، وہیں ایل جی انتظامیہ نے عادل کے بھائی کو سرکاری نوکری فراہم کی گئی۔
(میر اشفاق/ETV Bharat)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں