نئی دہلی، 22 اپریل (یو این آئی) پہلگام دہشت گردانہ حملے کی پہلی برسی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اس المناک واقعہ میں جان گنوانے والوں کو یاد کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر مودی نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا، “گزشتہ سال آج ہی کے دن پہلگام میں خوفناک دہشت گردانہ حملے میں جان گنوانے والے معصوم لوگوں کو ہم یاد کرتے ہیں۔ انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ میری تعزیت ان سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے جو اس بے پناہ نقصان کا سامنا کررہے ہیں۔”
انہوں نے کہا، “بطور قوم، ہم اس غم اور عزم کی گھڑی میں متحد ہیں۔ ہندوستان کسی بھی شکل میں دہشت گردی کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا۔ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔”
قابل ذکر ہے کہ 22 اپریل 2025 کو ہی دہشت گردوں نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں وادی بیسرن میں گھومنے آئے سیاحوں پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔ اس حملے میں 26 بے گناہ لوگوں کی جانیں گئیں۔ اس دوران دہشت گردوں نے لوگوں سے ان کا نام اور مذہب پوچھ کر، خواتین اور بچوں کے سامنے ہی انہیں گولی مار دی۔ اس کے بعد ہندستانی فوج نے آپریشن سندور کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانے تباہ کر دیئے تھے۔
یواین آئی
0
