نئی دہلی، 17 اپریل (یواین آئی) قانون ساز اداروں میں خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن دینے سے متعلق 131واں آئینی ترمیمی بل 2026 لوک سبھا میں ضروری دو تہائی اکثریت حاصل نہ کر سکا، جس کے باعث جمعہ کے روز منظور نہیں ہو سکا۔
اس ترمیمی بل پر دو دن کی بحث اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے جواب کے بعد ہونے والی ووٹنگ میں بل کے حق میں 298 اور مخالفت میں 230 ووٹ پڑے۔ اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ آئینی تقاضوں کے مطابق بل کو موجود اراکین کی دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہوئی، اس لیے یہ منظور نہیں ہو سکا۔
بل کے منظور نہ ہونے کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر کیرن رجیجو نے حد بندی بل 2026 اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے متعلق ترمیمی بل 2026 کو واپس لینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے خواتین کے ریزرویشن کو نافذ کرنے کا ایک تاریخی موقع ضائع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور آئینی ترمیمی بل منظور نہ ہونے کے باعث دیگر دونوں بلوں کو آگے نہ بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔
حکومت نے 2023 میں متفقہ طور پر منظور شدہ خواتین کے ریزرویشن بل کو نافذ کرنے کے لیے آئین میں 131ویں ترمیم کے ساتھ ساتھ 2011 کی آبادی کی بنیاد پر حلقہ بندی کرنے اور ان قوانین کو پڈوچیری، دہلی اور جموں و کشمیر جیسے اسمبلی والے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نافذ کرنے کی تجویز دی تھی۔ اس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کی نشستوں میں 50 فیصد اضافہ کرنے اور 2029 کے عام انتخابات سے خواتین کا ریزرویشن نافذ کرنے کا منصوبہ تھا۔ حکومت نے لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 550 سے بڑھا کر 850 کرنے کی بھی تجویز دی تھی۔
بحث کے دوران اپوزیشن نے حکومت پر سیاسی فائدے کے لیے بل لانے کا الزام لگایا۔ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اپنے فائدے کے لیے حلقہ بندی کر رہی ہے۔ کئی اپوزیشن اراکین نے خدشہ ظاہر کیا کہ حد بندی سے شمالی ریاستوں کی نشستیں بڑھ جائیں گی جبکہ جنوبی ریاستوں کی نمائندگی کم ہو جائے گی۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ اپوزیشن خواتین کے ریزرویشن کے معاملے پر “اگر مگر” کر رہی ہے، لیکن دراصل وہ اس کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 2023 میں اس بل کی حمایت اس لیے کی تھی کیونکہ اسے 2024 کے انتخابات میں خواتین کی ناراضی کا خوف تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی طاقت کے غصے کے سامنے اپوزیشن کے پاس بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
0
