0

مالی سال 2026-27 میں ہندوستان کی جی ڈی پی شرح نمو 6.6 فیصد رہے گی: ورلڈ بینک

نئی دہلی، 9 اپریل : ورلڈ بینک نے جمعرات کو کہا کہ موجودہ مالی سال 2026-27 میں ہندوستانی معیشت 6.6 فیصد کی شرح سے بڑھے گی اور ایک بار پھر دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھنے والی بڑی معیشت بنے گی۔
ورلڈ بینک کی یہاں جاری کردہ “انڈیا ڈیولپمنٹ اپڈیٹ” میں کہا گیا ہے کہ مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے ایندھن کی اونچی قیمتوں اور سپلائی چین میں آئی رکاوٹ کا معاشی سرگرمیوں پر اثر پڑے گا، لیکن اس سست روی کے باوجود ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھنے والی بڑی معیشت بنا رہے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معیشت کی مضبوط بنیاد اور پالیسی اقدامات کی وجہ سے ہندوستان پر مغربی ایشیا میں پیدا ہوئے جیو پولیٹیکل بحران کا اثر اتنا زیادہ نہیں ہوگا۔ ہندوستان کے پاس وافر غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ہیں، افراط زر کی شرح کم ہے، سرکاری قرضوں کا بڑا حصہ روپے میں ہے، مالیاتی شعبہ مضبوط ہے اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا کرنے میں تجارت میں تنوع مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
ورلڈ بینک نے رواں مالی سال میں ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 6.6 فیصد رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے۔ یہ گزشتہ مالی سال کی 7.6 فیصد کی ترقی کی شرح سے کم ہے جو ہندوستان نے امریکہ کی جانب سے 50 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کیے جانے کے باوجود حاصل کی تھی۔ اس سے قبل بدھ کو ریزرو بینک نے اس سال ملک کی معاشی شرح نمو 6.9 فیصد رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا تھا۔
ہندوستان میں ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو پال پروسی نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو استحکام فراہم کرنے میں نجی شعبے کی قیادت میں ترقی اور نوجوانوں کی لیبر فورس میں مزید شراکت داری کا اہم رول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے توانائی اور بنیادی ڈھانچے، مینوفیکچرنگ، سیاحت، صحت کی دیکھ ریکھ اور زراعت سے متعلق شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے اور روزگار کی فراہمی کی ضرورت ہوگی۔ یہ سب تبھی ممکن ہے جب مستحکم اور کاروبار کے موافق ماحول فراہم کیا جائے۔ رپورٹ میں اس سال جنوبی ایشیا کی شرح نمو کیلنڈر سال 2025 کے سات فیصد سے کم ہوکر 6.3 فیصد رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ سال 2027 میں جنوبی ایشیا میں 6.9 فیصد کی ترقی کی شرح رہنے کا امکان ہے۔
یو این آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں