سرینگر /25اپریل / وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے کے کچھ حصوں میں چشمے کے پانی کے ذرائع کو پینے کے لیے غیر محفوظ قرار دیا ہے، اور ایک عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ مناسب احتیاط کے بغیر استعمال سے گریز کریں۔سی این آئی کے مطابق بڈگام کے کھاگ علاقے میں محکمہ پی ایچ ای نے تین چشموں کے پانی کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، پی ایچ ای سب ڈویژن بیروہ کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری نوٹس کے مطابق کھاگ کے زرگر محلہ، اپری باغ، اور سگین علاقوں میں قدرتی چشموں کا پانی بلاک میڈیکل آفیسر کھاگ کی جانچ رپورٹوں کی بنیاد پر پینے کیلئے غیر محفوظ پایا گیا ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں عام لوگ اگلے نوٹس تک ان ذرائع سے پانی کو صرف دھونے اور دیگر غیر پینے کے مقاصد کیلئے استعمال کریں۔حکام نے مشورہ دیا ہے کہ ناگزیر یا انتہائی حالات میں احتیاطی تدابیر کے طور پر پانی کو مناسب ابالنے کے بعد ہی پیا جا سکتا ہے۔محکمہ پی ایچ ای نے کہا ہے کہ وہ متاثرہ پانی کے ذرائع کی آزادانہ نمونے اور جانچ کرے گا۔ پانی کے معیار کو بحال کرنے اور اسے جلد سے جلد پینے کے لیے محفوظ بنانے کے لیے ضروری تکنیکی طریقہ کار اور تدارکاتی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں گے۔ایڈوائزری میں کمیونٹی کی صحت کے تحفظ کیلئے رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے میں عوام کے تعاون کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ مقامی انتظامی اور پولیس حکام کو معلومات کی وسیع تر ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے مطلع کیا گیا ہے۔
0
