سرینگر 26 اپریل/عقاب ویب ڈیسک/: ڈل جھیل کے خوبصورت کناروں پر اتوار کے روز منعقدہ “فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل” مہم میں عوام کی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر منسکھ منڈاویا بھی موجود تھے، جنہوں نے اس پہل کو صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
وزیر موصوف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے زیر اہتمام سرینگر میں ڈل جھیل کے کنارے ایک “چنتن شیوِر” کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ریاستوں سے آئے وزراء نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے مہمان وزراء کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں بھرپور عزت و احترام سے نوازا، جو اس خطے کی مہمان نوازی کا عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام نہایت خوشگوار اور پُرجوش ماحول میں جاری ہے۔ چنتن شیوِر کے تیسرے دن “سنڈیز آن سائیکل” سرگرمی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔
تقریب میں شریک افراد نے سائیکلنگ کے ذریعے نہ صرف اپنی صحت کا خیال رکھنے کا پیغام دیا بلکہ ملک بھر میں فٹ انڈیا مہم کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
