0

جموں و کشمیر: بیرون ملک نوکری دلانے کا جھوٹا وعدہ کر کے ٹھگی کرنے کے الزام میں جاب کنسلٹنسی کے خلاف معاملہ درج

سرینگر، 29 اپریل (یو این آئی) جموں و کشمیر کی اقتصادی جرائم شاخ (ای او ڈبلیو) نے بیرون ملک نوکری دلانے کا جھوٹا وعدہ کر کے ایک مقامی باشندے کو کمبوڈیا بھیجنے اور ٹھگی کرنے کے معاملے میں ایک فرضی جاب کنسلٹنسی کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔
افسران نے بدھ کو بتایا کہ متاثرہ شخص کو ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں چل رہی ایک غیر مجاز کنسلٹنسی نے جھانسا دیا تھا۔ اسے بیرون ملک پرکشش ماہانہ تنخواہ پر کمپیوٹر آپریٹر کی نوکری دلانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
دعوؤں پر یقین کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں ایک بڑی رقم منتقل کر دی اور سفر و متعلقہ انتظامات پر بھی اضافی رقم خرچ کی۔ تاہم، کمبوڈیا پہنچنے پر شکایت کنندہ کو نامعلوم افراد لے گئے اور وعدہ کردہ نوکری دینے کے بجائے اسے دھوکہ دہی پر مبنی آن لائن سرگرمیوں میں شامل ہونے کے لیے مجبور کیا گیا۔
متاثرہ شخص نے ان سرگرمیوں میں شامل ہونے سے انکار کر دیا اور جلد ہی اسے احساس ہوا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے اور جھوٹے بہانوں سے اس کے پیسے ہڑپ لیے گئے ہیں۔
اقتصادی جرائم شاخ نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ معاملہ بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 318(2) کے تحت قابل سزا جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ اس سلسلے میں سرینگر تھانے میں باقاعدہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔
اس دھوکہ دہی میں ملوث افراد کی شناخت کرنے اور انہیں پکڑنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں