نئی دہلی، 11 مئی (یواین آئی) لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے حالیہ خطاب پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو قربانی اور بچت کا مشورہ دیناحکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ’’مودی جی نے کل عوام سے قربانی مانگی—سونا مت خریدو، بیرونِ ملک مت جاؤ، پٹرول کم استعمال کرو، کھاد اور کھانے کا تیل کم استعمال کرو، میٹرو میں سفر کرو اور گھر سے کام کرو۔ یہ نصیحت نہیں بلکہ حکومت کی ناکامی کے ثبوت ہیں۔”
انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ملک کی معیشت اور عام لوگوں کی حالت ایسی ہو گئی ہے کہ اب حکومت عوام کو یہ بتانے لگی ہے کہ کیا خریدنا ہے اور کیا نہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہر بار ذمہ داری عوام پر ڈال دی جاتی ہے تاکہ حکومت خود جوابدہی سے بچ سکے۔
کانگریس رہنما نے وزیرِ اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’’ملک چلانا اب وزیرِ اعظم کے بس کی بات نہیں ہے۔”
دراصل، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے توانائی کی بچت، خود انحصاری اور ذمہ دار شہری رویے پر زور دیا تھا۔ وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ ’’ملک کے لیے لڑنا ہی حب الوطنی نہیں ہے، بلکہ ملک کے لیے جینا اور اپنے فرائض کی ادائیگی بھی حب الوطنی ہے۔” انہوں نے لوگوں سے پٹرول اور ڈیزل کا کم استعمال کرنے، میٹرو جیسے عوامی نقل و حمل کے ذرائع کا زیادہ استعمال کرنے، الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے اور ورک فرام ہوم، آن لائن کانفرنسنگ اور ورچوئل میٹنگز کو دوبارہ اپنانے کی اپیل کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی وزیرِ اعظم نے لوگوں سے سونا خریدنے سے گریز کرنے کی بھی درخواست کی تھی۔
وزیرِ اعظم کے اسی بیان کو لے کر اب کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سیاسی ٹکراؤ تیز ہو گیا ہے۔
یواین آئی
