0

معروف کشمیری کینسر سرجن ڈاکٹر عاصم رضوی انتقال کر گئے طبی دنیا سوگوار، . روبوٹک کینسر سرجری کے ماہر کی موت پر غم کی لہر

سرینگر//20مئی/ معروف کشمیری سرجیکل آنکولوجسٹ اور روبوٹک کینسر سرجری کے ماہر ڈاکٹرعاصم رضوی نوئیڈا میں مشتبہ حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سے طبی حلقوں، مریضوں اور ان کے چاہنے والوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ڈاکٹر عاصم رضوی سرینگر کے علاقے نابدی پورہ حول کے رہنے والے تھے اور اس وقت یشودھا میڈ سٹی میں پرنسپل ڈائریکٹر سرجیکل آنکولوجی اور روبوٹک سرجری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔یو این ایس کے مطابق وہ معدہ، آنتوں، جگر اور لبلبے کے کینسر کے پیچیدہ آپریشنز میں اپنی غیر معمولی مہارت کیلئے ملک بھر میں جانے جاتے تھے۔اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر رضوی کو اچانک دل سے متعلق طبی ایمرجنسی پیش آئی جس کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔ تاہم رپورٹ درج کئے جانے تک موت کی حتمی وجہ سے متعلق کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر عاصم رضوی نے کینسر سرجری کے شعبے میں بین الاقوامی سطح کی خصوصی تربیت حاصل کی تھی۔ انہوں نے لیپروسکوپک اور روبوٹک کینسر سرجری میں مہارت کے علاوہ کولوریکٹل اور ہیپاٹو-پینکریاٹو-بلیری آنکو سرجری میں فیلوشپ مکمل کی تھی۔ انہوں نے جنوبی کوریا کی معروف یونسی یونیورسٹی میں بھی اعلیٰ تربیت حاصل کی تھی۔طبی ماہرین کے مطابق ڈاکٹر رضوی نہ صرف ایک انتہائی قابل سرجن تھے بلکہ مریض دوست رویے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور درست و مو ¿ثر علاج کے طریقوں کو فروغ دینے کیلئے بھی جانے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران کئی پیچیدہ کینسر آپریشن کامیابی سے انجام دے کر بے شمار مریضوں کو نئی زندگی بخشی۔ان کے انتقال پر کشمیر سمیت ملک بھر کے ڈاکٹروں، سماجی شخصیات اور مریضوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے طبی دنیا کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں