0

پہلگام ہیرو عادل حسین شاہ کے نام سے اننت ناگ کا سرکاری اسکول منسوب

سرینگر//20مئی/ جموں و کشمیر حکومت نے پہلگام حملے کے دوران سیاحوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے نوجوان ٹورسٹ گائیڈ عادل حسین شاہ کی بہادری اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں واقع ہاپتنار ہائی اسکول کا نام ان کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔حکام کے مطابق ہاپتنار ہائی اسکول کو اب باضابطہ طور پر ”شہید عادل میموریل ہائی اسکول“ کا نام دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وزیر تعلیم سکینہ ایتوسمیت مقامی لوگوں، سرکاری افسران اور طلبہ نے شرکت کی۔یو این ایس کے مطابق عادل حسین شاہ گزشتہ سال پہلگام میں پیش آئے دہشت گرد حملے کے دوران مبینہ طور پر سیاحوں کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان کی بہادری اور انسانیت پر مبنی اقدام کو جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں سراہا گیا تھا۔۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ عادل حسین شاہ کی قربانی، جرات اور بے لوث خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرنا غیر معمولی بہادری اور انسانیت کی اعلیٰ مثال ہے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ وہ حملے والی رات خود جائے وقوعہ پر پہنچی تھیں اور اس واقعے نے سبھی لوگوں کو گہرے طور پر متاثر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسکول کا نام شہید عادل کے نام پر رکھنا دراصل ان کی قربانی کو ہمیشہ زندہ رکھنے اور نئی نسل کو ان کی بہادری سے روشناس کرانے کی ایک کوشش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے سوگوار خاندان کو بھی حوصلہ ملے گا اور عادل حسین شاہ کا نام آنے والے برسوں تک لوگوں کیلئے تحریک اور حوصلے کا ذریعہ بنا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں