خانقاہ معلی سرینگر میں سب سے بڑی تقریب ، ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت
سرینگر /23مئی / محسن کشمیر حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ (شاہ ہمدانؒ ) کا سالانہ عرس مبار ک وادی بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ خانقاہ سرینگر سمیت وادی کے دیگر خانقاہوں اور مساجد میں رات بھر شب خوانی منعقد ہوئی ۔ وادی میں سب سے بڑی مرکزی تقریب تاریخی خانقاہِ معلی حضرت شاہ ہمدان ؒسرینگر میں منعقد ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی ؒ کا سالانہ عرس مبارک وادی بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ وادی میں سب سے بڑی تقریب تاریخی خانقاہِ معلی حضرت شاہ ہمدان ؒسرینگر میں منعقد ہوئی جہاں را ت بھر ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شب خوانی کی ۔ سٹی رپورٹر کے مطابق وادی بھر میں مختلف خانقاہوں، مساجد اور درگاہوں میں خصوصی تقریبات، مجالسِ ذکر و اذکار، ختمات المعظمات اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں سب سے بڑی اور مرکزی تقریب تاریخی خانقاہِ معلی حضرت شاہ ہمدان سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں صبح سویرے ہی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جمع ہونا شروع ہوگئی۔ زائرین نے فاتحہ خوانی کی، قرآن پاک کی تلاوت کی گئی جبکہ علماءو مشائخ نے حضرت شاہ ہمدانؒ کی دینی، روحانی، سماجی اور علمی خدمات کو تفصیل سے اجاگر کیا۔اس دوران علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ نے کشمیر میں اسلام کی اشاعت، اخوت، بھائی چارے، علم و عرفان اور روحانیت کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے نہ صرف اسلامی تعلیمات کو عام کیا بلکہ کشمیری معاشرے کو تہذیب، تمدن، صنعت و حرفت اور اخلاقی اقدار سے بھی روشناس کرایا۔ مقررین نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور نوجوان نسل کو ان کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔عرس مبارک کے سلسلے میں خانقاہِ معلیٰ اور دیگر مقدس مقامات کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کیلئے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ عقیدت مندوں میں نیاز و تبرکات بھی تقسیم کئے گئے اور پوری فضا درود و اذکار سے معطر رہی۔ادھر جموں، کپواڑہ، بارہمولہ، اننت ناگ، بڈگام اور دیگر اضلاع کے علاوہ وسط ایشیائی خطوں میں بھی حضرت شاہ ہمدانؒ کا عرس مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مختلف مقامات پر خصوصی دعائیہ مجالس کا انعقاد کیا گیا جہاں عالمِ اسلام کی سلامتی، امن، بھائی چارے اور جموں و کشمیر کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔لوگوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی تعلیمات کو عام کرکے معاشرے میں محبت، رواداری، اتحاد اور انسان دوستی کے پیغام کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ عرس مبارک کی تقریبات رات دیر گئے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
0
