جموں و کشمیر میں دو ماہ کے اندر فصل انشورنس اسکیم لاگو ہونے کا امکان
متاثرہ علاقوں میں سروے کی تکمیل کے بعد کسانوں کو راحت پیکیج فراہم کیا جائیگا / جاوید ڈار
سرینگر /23مئی / حکومت جموں و کشمیر میں فصل بیمہ اسکیم کو اگلے دو ماہ کے اندر لاگو کرے گی کا اعلان کرتے ہوئے کابینہ وزیر جاوید احمد ڈار نے کہا کہ ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کا جائزہ لینے کے سروے کی تکمیل کے بعد کسانوں کو راحت پیکیج فراہم کیا جائے گا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر کے کئی حصوں میں بار بار ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں کا نقصان ہونے کے بعد بارہمولہ میںصحافیوں سے بات کرتے ہوئے کابینہ وزیر جاوید احمد ڈار نے کہا کہ مختلف محکموں کے حکام نے کسانوں اور کاشتکاروں کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے پہلے ہی متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ڈار نے کہا”محکمہ کل سے کوشش کر رہا ہے کہ ہر متاثرہ علاقے تک پہنچ کر تشخیص کرے۔ حتمی تشخیص مکمل ہونے کے بعد، متاثرہ کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ “ انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں فصل انشورنس اسکیم کے نفاذ کے عمل کو بھی تیز کر رہی ہے۔وزیر کے مطابق اس اسکیم کیلئے بولی لگانے کا عمل یکم جون سے شروع ہونا ہے، اور توقع ہے کہ ڈیڑھ سے دو ماہ میں پورا طریقہ کار مکمل ہو جائے گا۔وزیر نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی اس اسکیم کیلئے بجٹ کے انتظامات کیے ہیں، جس کے تحت پریمیم کی رقم حکومت ہند، جموں و کشمیر انتظامیہ اور کسانوں کے ذریعے بانٹ دی جائے گی۔باغبانی کے شعبے کے بارے میں کابینہ وزیر جاوید احمد ڈار نے کہا کہ حکومت سی گریڈ سیب کیلئے مارکیٹ مداخلت کی اسکیم کے سلسلے میں مرکز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کی ایک ٹیم نے دو ماہ قبل جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران کاشتکاروں کی مدد کے لیے سی گریڈ کے سیب کی قیمتیں طے کرنے پر بات چیت ہوئی تھی۔سیب کی فصلوں کو انشورنس کوریج میں توسیع میں تاخیر پر ڈار نے کہا کہ باغبانی ایک الگ موسم پر مبنی فصل انشورنس اسکیم کے تحت آتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب سیب اور زعفران کو کشمیر میں مجوزہ انشورنس فریم ورک کے تحت شامل کیا گیا ہے۔وزیر نے کہا کہ حکومت برسوں سے اس اسکیم کو متعارف کرانے کی کوشش کر رہی تھی، لیکن ٹینڈرنگ کے عمل کے دوران انشورنس کمپنیوں کی ناقص شرکت کی وجہ سے اس عمل میں تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہا ” پچھلے سال بھی، اس عمل کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی تھی، لیکن پھر حکومت ہند نے انشورنس پالیسی کے فریم ورک پر نظرثانی کی، ہمیں نئے ٹینڈرس جاری کرنے پر مجبور کیا۔ “ ڈار نے امید ظاہر کی کہ ٹینڈرنگ کا نیا عمل کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گا اور کسانوں اور کاشتکاروں کو موسم سے متعلق نقصانات سے بچانے کیلئے جلد ہی اس سکیم کو لاگو کر دیا جائے گا۔
0
