0

حکومت نے بس کرایوں میں 18 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

سری نگر،24 دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کو ریاست بھر میں مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 18 فی صد اضافہ منظور کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ کمیٹی کی تفصیلی میٹنگ کے بعد سامنے آیا، جس کی صدارت پرنسپل سکریٹری فنانس، سنتوش ڈی ویدیا نے سول سیکرٹریٹ جموں میں کی۔
میٹنگ کے دوران ٹرانسپورٹر نمائندوں نے حکومت کے سامنے 40 فیصد کرایہ بڑھانے کی تجویز رکھی اور مؤقف اختیار کیا کہ پیٹرول، ٹیکسز، مرمت اور دیگر آپریشنل اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث کرایہ اضافہ ناگزیر ہے۔
کمیٹی نے اس مطالبے کا تفصیلی اور نقطہ بہ نقطہ جائزہ لیا، جس میں اسپئر پارٹس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے، ڈیزل پیٹرول خرچ، گاڑیوں کی دیکھ بھال، ٹائر، بیٹری، انشورنس و دیگر اخراجات کو مدنظر رکھا گیا۔
تاہم کمیٹی نے کرایہ بڑھانے کی درخواست کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کا بھی خاص خیال رکھا کہ عام شہری، طالب علم، ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے افراد پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد کمیٹی نے 40 فیصد کے بجائے 18 فیصد اضافہ منظور کیا۔
فیصلے کے مطابق تمام کٹیگریز کی مسافر بسوں، منی بسوں، ٹاٹا سومو، ٹرانسپورٹ وینز اور دیہی روٹس پر چلنے والی گاڑیوں میں یکساں طور پر 18 فیصد اضافہ نافذ ہوگا اور یہ اضافہ یکم جنوری 2026 سے لاگو ہوگا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک متوازن حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا ہے، جس میں ٹرانسپورٹ انڈسٹری کی مالی بقا کے ساتھ ساتھ مسافروں کے مفادات کا بھی تحفظ کیا گیا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں