0

فوج نے 10 روزہ انسدادِ دہشت گردی ریفریشر کورس میں جموں و کشمیر پولیس کو تربیت دی

جموں، 19 اپریل : ہندوستانی فوج کے جوانوں نے جموں میں ‘ٹائیگر ڈویژن’ کی نگرانی میں 10 روزہ انسدادِ دہشت گردی ریفریشر کورس کے دوران جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کی۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس کورس کا خاکہ ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ طور پر تیار کیا تھا۔ اس کا مقصد جموں و کشمیر کے بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں تال میل، ہم آہنگی اور طریقہ کار کے معیار کو بہتر بنانا تھا۔ اس جامع تربیت میں کل 108 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا، جس کا انعقاد ‘میران صاحب بریگیڈ’ نے کیا۔
اس تربیت کا بنیادی مقصد جونیئر قیادت کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔ یہ صلاحیتیں انسدادِ دہشت گردی کے حالات میں چھوٹی ٹیموں کے ذریعے مؤثر کارروائی انجام دینے کے لیے نہایت اہم ہوتی ہیں۔
کورس کے دوران شرکاء کو آپریشن سے متعلق مختلف پہلوؤں میں تربیت دی گئی، جن میں چھوٹی ٹیموں کی کارروائیاں اور گشت، فوری ردعمل ٹیم اور موبائل وہیکل چیک پوسٹ کی مشقیں، گھات لگانے اور اس کا جواب دینے کی تکنیکیں، محاصرہ اور تلاشی کی کارروائیاں اور کمروں میں داخل ہو کر کارروائی کے طریقے شامل تھے۔
اس کے علاوہ انہیں اسلحہ سنبھالنے اور فائرنگ، جدید آلات کے استعمال، ڈرون کی شناخت اور ڈرون مخالف اقدامات، ابتدائی طبی امداد اور زخمیوں کو محفوظ نکالنے، نیز خفیہ معلومات جمع کرنے اور اس کے تبادلے جیسے خصوصی شعبوں میں بھی تربیت دی گئی۔
وزارتِ دفاع (جموں) کے پی آر او اور ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل برتوال نے کہا کہ اس کورس کا اختتام خطے میں امن، استحکام اور سلامتی برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یواین آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں