0

سعودی عرب: 14 ہزار سے زائد تارکینِ وطن ملک بدر

ریاض، 4 مئی : سعودی عرب میں وزارتِ داخلہ نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ایک ہفتے کے اندر 14 ہزار سے زائد تارکینِ وطن کو ملک بدر کر دیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی سیکیورٹی فورسز اور متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے 23 اپریل سے 29 اپریل کے درمیان ملک گیر مشترکہ معائنہ مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے دوران مجموعی طور پر 11,300 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 6,244 افراد، سرحدی سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 3,543 افراد، لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 1,513 افراد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1,330 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے 54 فیصد کا تعلق ایتھوپیا، 43 فیصد کا یمن، جبکہ 3 فیصد دیگر ممالک سے ہے۔ اس کے علاوہ 51 افراد کو ملک سے غیر قانونی طور پر فرار ہونے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا۔ وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ اب تک 14,855 افراد کو ڈی پورٹ (ملک بدر) کیا جا چکا ہے۔18,601 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے متعلقہ سفارت خانوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ دینے، ٹرانسپورٹ فراہم کرنے یا ملازمت دینے کے جرم میں 14 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
وزارتِ داخلہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو پناہ یا سہولت فراہم کرنے والوں کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ سہولت کاری میں استعمال ہونے والی گاڑیاں اور مکانات بھی ضبط کر لیے جائیں گے۔ سعودی عرب : قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خلاف ورزی کی اطلاع مکہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں 911 پر، جبکہ باقی علاقوں میں 999 یا 996 پر دیں۔
یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں