18 مئی 2026، عقاب ویب ڈیسک/جموں و کشمیر میں پیٹرول، ڈیزل اور مائع پٹرولیم گیس (LPG) کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی بھی قسم کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں۔ آئل انڈسٹری کے ریاستی سطح کے کوآرڈینیٹر جناب ہمانشو شرما نے پیر کو یہ بات واضح کرتے ہوئے عوام کو ہرگونہ اطمینان دلایا۔
شرما نے بتایا کہ ٹرمینلز، ڈپو اور ریٹیل آؤٹ لیٹس پر سپلائی کا نظام بغیر کسی رکاوٹ کے چل رہا ہے۔ سرکاری شعبے کی تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (OMCs) ذخائر کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور بھرپائی کا عمل ہموار طریقے سے جاری ہے۔
گھریلو صارفین کے لیے ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ لاجسٹکس اور ذخائر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ خطے کے ہر کونے تک ایندھن کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
شرما نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ افواہوں کے زیر اثر ذخیرہ اندوزی سے باز رہیں اور معمول کے مطابق اپنا استعمال جاری رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایندھن کی دستیابی سے متعلق کسی بھی اطلاع کے لیے صرف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سرکاری اطلاعات کو معتبر سمجھا جائے۔
