0

چند صحافی بلیک میلنگ میں ملوث، پیسے لے کر نیوز چلاتے ہیں ہم ان سے ڈرنے والے نہیں: نائب وزیراعلیٰ

جموں،11فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے آج الزام عائد کیا کہ چند مخصوص صحافی ایوان کے آس پاس غیر پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور اپنی موجودگی کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ صحافی یہاں پورا دن چائے پیتے ہیں، ان کا مقصد صحافت نہیں بلکہ بلیک میلنگ ہے اور وہ خود پیرول پر ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے صحافت کی آڑ میں منفی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد نہ صرف صحافتی وقار کو مجروح کر رہے ہیں بلکہ ایوان میں غیر ضروری ماحول پیدا کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ یہاں بکواس کرنے آتے ہیں۔ ان سے پوچھیں کہ جموں کے مسائل کیا ہیں؟ ماتا ویشنو دیوی کا اتنا بڑا مسئلہ ہے لیکن وہ اس پر بولنے کی بجائے بے بنیاد خبریں اور ذاتی مفادات کے لیے خبریں چلاتے ہیں۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ چند نام نہاد صحافی لوگوں سے پیسے وصول کر نیوز چلاتے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ ان کے پیچھے کون لوگ سرگرم ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان سے ڈرنے والے نہیں۔
سریندر چودھری نے پیشہ ورانہ اور ذمہ دار میڈیا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان صحافیوں کا احترام کرتی ہے جو سیکولر نظریات، دیانت اور وطن کی مضبوطی و بھلائی کے لیے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اور ذمہ دار صحافت ریاست کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، مگر چند عناصر کے رویّے سے پورا شعبہ بدنام نہیں ہونا چاہیے۔
نائب وزیر اعلیٰ کے اس بیان کے بعد سیاسی اور صحافتی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں حکومت اس مسئلے پر مزید وضاحت پیش کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں