0

اونتہ بھون صورہ میں جنگلی سوروں کی آمد سے خوف و ہراس، وائلڈ لائف ٹیم علاقے میں خیمہ زن، تلاش جاری

سری نگر،13فروری (یو این آئی) سری نگر کے اونتھہ بھون صورہ علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے جنگلی سوروں کی نقل و حرکت نے مقامی آبادی میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ علاقے میں جنگلی سور کی موجودگی کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں، جس کے بعد وائلڈ لائف محکمہ سرگرم ہوگیا ہے۔
وائلڈ لائف رینج آفیسر نے یو این آئی کو بتایا کہ اطلاعات موصول ہوتے ہی ایک خصوصی ٹیم کو متعلقہ مقام پر روانہ کیا گیا، جس نے علاقے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے پورے دن نگرانی مہم جاری رکھی، تاہم تاحال جنگلی سور کا سراغ نہیں مل سکا۔
آفیسر کے مطابق جنگلی سوروں کو اسی وقت قابو کیا جا سکتا ہے جب وہ نظر آئیں، اس لیے وائلڈ لائف ٹیم علاقے میں ہی خیمہ زن ہے اور مسلسل گشت کر رہی ہے۔
انسانوں پر حملے سے متعلق پوچھے جانے پر انہوں نے واضح کیا کہ جنگلی سور عام طور پر انسانوں پر حملہ نہیں کرتے۔ ان کے بقول یہ جانور زیادہ تر ڈمپنگ سائٹوں پر اپنی خوراک تلاش کرتے ہیں اور وہاں کی بدبو انہیں رہائشی علاقوں کے قریب کھینچ لاتی ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ خوف میں مبتلا نہ ہوں، کیونکہ جنگلی سور انسانوں کے لیے جان لیوا نہیں ہوتے۔ آفیسر نے مزید بتایا کہ علاقے میں دو جنگلی سوروں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں جلد از جلد پکڑ کر وائلڈ لائف سینکچری منتقل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں