0

اودھم پور میں منشیات فروش کی ایک کروڑ روپیوں کی جائیداد منسلک: پولیس

جموں، 21 فروری (یو این آئی) منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی تقریباً ایک کروڑ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر دیا۔

ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اودھم پور پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپیے ہے، کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 – ایف کے تحت منسلک کر دیا ہے۔

ملزم کی شناخت امجد حسین ولد منظور احمد ساکن ہائوسنگ کالونی اودھم پور کے طور پر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں ملزم کو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور مجاز اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ حکم کے تحت اس کو ضلع جیل کشتواڑ میں بند رکھا گیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ مالیاتی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس بات کے معقول شواہد موجود ہیں کہ ملزم کی جانب سے حاصل کی گئی جائیداد غیر قانونی منشیات کے کارو بار سے حاصل شدہ آمدنی سے بنائی گئی ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے ہائوسنگ کالونی اودھم پور میں واقع ایک رہائشی مکان بمعہ 1 کنال 9 مرلہ اراضی کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 – ایف کے تحت منلسک کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے ساتھ رواں سال اودھم پور پولیس کی طرف سے این ڈی پی ایس ایکت کے تحت منسلک کی گئی جائیدادوں کی مجموعی مالیت3.10 کروڑ روپیے تک پہنچ گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں