جموں،25فروری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے بدھ کے روز اپنے بھائی وجے سنگھ کے گھر انسدادِ بدعنوانی بیورو کی جانب سے کی گئی چھاپہ ماری کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی فیملی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اے سی بی نے وجے سنگھ کے خلاف غیر متناسب جائیداد کیس کی تفتیش کے سلسلے میں جموں میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ یہ لڑائی اب شروع ہو چکی ہے اور اسے قانونی طریقے سے لڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا:’ہمیں ہندوستان کی عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔ اگر میرا بھائی غلط ہے تو اسے ضرور سزا ملنی چاہیے، لیکن یہ کارروائی صاف طور پر بدلے کی بو دیتی ہے۔‘
سریندر چودھری نے اپنے بھائی کے سروس ریکارڈ کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وجے سنگھ نے اپنے کیریئر میں متعدد حساس علاقوں—گورسائی، تھنہ منڈی، ڈوڈہ اور سپوال—میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نمایاں کارروائیاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا:’وہ ایک ایسا افسر ہے جس کا پورا کیریئر بہادری، دیانتداری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے۔ جہاں بھی تعینات ہوئے، وہاں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف ان کا مضبوط مؤقف سب کے سامنے ہے۔‘
نیشنل کانفرنس سے وابستہ نائب وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ چھاپہ ماری کا مقصد ان کے خاندان کو بدنام کرنا اور خوفزدہ کرنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس محکمے کے اندرونی معاملات اور ذاتی رقابت وجے سنگھ کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا:’جو لوگ سمجھتے ہیں کہ اس گھر سے کوئی خزانہ نکل آئے گا، وہ مایوس ہی ہوں گے۔ پہلے بھی ایسی کارروائیاں ہوئیں لیکن کچھ ثابت نہیں ہوا۔ کئی ایسے افراد کے کیس میرے پاس آئے جو رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، مگر بعد میں کلین چٹ بھی دی گئی—یہی سب بحث کا حصہ ہے۔‘
ڈپٹی سی ایم نے کہا کہ ان کی فیملی حقیقت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے اور انہیں یقین ہے کہ سچ بالآخر سامنے آتا ہے۔
انہوں نے کہا:’ہمیں معلوم ہے ہم کون ہیں اور کس اصول پر کھڑے ہیں۔ یہ کارروائیاں ہمیں جھکانے کے لیے نہیں بلکہ آزمائش کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ لیکن سچائی جیتے گی—یہ ہمارا یقین ہے۔‘
0
