سرینگر، 19 اپریل:/عقاب ویب ڈیسک//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتونے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کا دورہ کیا اور رکنِ پارلیمنٹ انجینئر رشید کے علیل والد خضر محمد شیخ کی عیادت کی۔
اس موقع پر ایم ایل اے حضرت بل سلمان ساگر، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر افت حسن شاہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ڈاکٹر اندلیب بشیر، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، ماہر ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی موجود تھے ۔
دورے کے دوران وزیر صحت نے معالج ڈاکٹروں اور طبی عملے سے مریض کی صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی، جس میں علاج کے طریقہ کار اور صحتیابی کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے پرنسپل جی ایم سی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ مریض کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
“مریض کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعے جامع علاج فراہم کیا جائے،” وزیر صحت نے طبی ٹیم کو ہدایت دی۔
وزیر موصوفہ نے اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور محکمہ صحت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مریض کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی اور طبی عملے کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
