جموں،27 فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ حکومت نے ریاست بھر میں تمام منرل ڈیلر لائسنس منسوخ کر دیے ہیں اور غیر قانونی کان کنی کو روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے غیر قانونی معدنیات اور قدرتی آبی بہاؤ میں مداخلت کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ کنڈوال دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی کان کنی نے نہ صرف ماحولیات کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ ایک ڈیم کا راستہ موڑنے جیسا سنگین عمل بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں آس پاس کے علاقوں میں تباہ کن صورتحال پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بیلی چرّانہ، کنڈوال اور دیگر متاثرہ علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہے اور اگر غیر قانونی کان کنی پر فوراً قابو نہ پایا گیا تو چھتہ سمیت کئی زیریں علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی آسکتی ہے۔
سریندر چودھری نے واضح کیا کہ کوئی بھی گاڑی کسی کرشر یونٹ سے تب تک نہیں نکل سکتی جب تک اسے مائننگ ڈپارٹمنٹ کے مجاز نظام کے تحت جاری شدہ درست ’پرچی‘ نہ ملی ہو۔ غیر دستاویزی منرل ٹرانسپورٹیشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرشر یونٹس اور کان کنی میں مصروف تمام گاڑیوں پر جی پی ایس نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ’کوئی گاڑی جی پی ایس کے بغیر نہیں چلے گی‘۔
نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق حکومت نے مائننگ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کر دی ہیں جن میں سیٹلائٹ مانیٹرنگ، گاڑیوں کی ٹریکنگ، اور معدنیات کے مجاز استخراج کی بروقت جانچ شامل ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور بدعنوانی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سابقہ منرل ڈیلر لائسنسنگ سسٹم میں بے ضابطگیاں تھیں، جنہوں نے غیر قانونی کان کنی اور منرل ڈسپوزل کو بڑھاوا دیا۔ اسی وجہ سے تمام ایم ڈی ایلز فوری طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
مزید برآں، تمام اسٹون ٹپر پرمٹس کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں بھی منسوخ کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور جوابدہی یقینی بنائی جاسکے۔
آخر میں نائب وزیر اعلیٰ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی کمپنی گاڑی یا کرشر یونٹ کی گاڑی بغیر جی پی ایس اوربلا مجاز اجازت کے کام نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دور میں غیر قانونی کان کنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
0
