زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے مالی معاونت کا بھی اعلان
سرینگر، 20 اپریل : وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیش آئے المناک بس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم اس حادثے پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا، “میں ان تمام افراد کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے عزیز و اقارب کو کھویا ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔”
انہوں نے متاثرین کے لیے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ بیان کے مطابق وزیر اعظم قومی ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے ہر جاں بحق شخص کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے بطور امداد فراہم کیے جائیں گے۔ (کے این سی)
