پہلگام 21 مئی (عقاب نیوز ڈیسک) — ضلع اننت ناگ کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے قریبی گاؤں لہن دجن سے ایک انتہائی دردناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں دیر رات شدید بارش اور طوفانی موسم کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 60 سے زائد مویشی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری تھا اور مویشی کسی پناہ گاہ یا باڑے میں موجود تھے۔ آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے بڑی تعداد میں مال مویشی لمحوں میں جان کی بازی ہار گئے۔
متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ یہ جانور ان کی واحد ذریعہ معاش تھے اور اس اچانک آفت نے انہیں مالی طور پر سخت نقصان پہنچایا ہے۔ علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور متاثرین نے حکومت سے فوری معاوضے اور امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے اور نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں روانہ کیے جانے کی اطلاع ہے۔
یہ خبر ابھی پوری طرح سامنے آ رہی ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور نئی معلومات ملتے ہی آپ کو آگاہ کریں گے۔ جاری و ساری
