شوپیاں : ضلع شوپیان میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے آج صبح سویرے بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دی گئیں، جن کے دوران مولو چتراگام زینہ پورہ کے رہائشی شہزادہ اورنگزیب کے گھر کی تلاشی لی گئی۔ ذرائع کے مطابق شہزادہ اورنگزیب جماعت اسلامی ضلع شوپیان کے سابق امیر رہ چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق این آئی اے کی ٹیم آج علی الصبح پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ مذکورہ رہائش گاہ پر پہنچی، جہاں تلاشی کارروائی انجام دی گئی ۔تاہم کارروائی کے دوران کیا کچھ ضبط کیا گیا یا آیا کسی کو حراست میں لیا گیا ہے، اس حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
شوپیان میں این آئی اے کے چھاپے (Etv Bharat)
یاد رہے کہ حکومت ہند نے سال 2019 میں جماعت اسلامی جموں و کشمیر پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت پابندی عائد کی تھی، جس میں بعد ازاں 2024 میں مزید توسیع کی گئی۔ حکومت کی جانب سے تنظیم پر علیحدگی پسندی اور مبینہ دہشت گردی کی مالی معاونت جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
دوسری جانب این آئی اے نے ضلع شوپیان کے امام صاحب علاقے میں قائم جامعہ سراج العلوم میں بھی چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں جموں و کشمیر انتظامیہ نے جامعہ سراج العلوم امام صاحب کو یو اے پی اے 1967 کے تحت ایک غیر قانونی ادارہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کی تھی۔ یہ حکم ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ کی جانب سے دفعہ 8(1) کے تحت جاری کیا گیا تھا۔
فی الحال این آئی اے کی جانب سے ان کارروائیوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، جبکہ مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
