0

پولیس نے امریکہ میں مقیم کشمیری علیحدگی پسند غلام نبی شاہ عرف ’ڈاکٹر فائی‘ کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کرلی

سری نگر،23دسمبر(یو این آئی) بڈگام پولیس کی طرف سے دائر کی گئی ایک درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے خصوصی این آئی اے کورٹ بڈگام نے امریکی مقیم کشمیری علیحدگی پسند اور مفرور ملزم غلام نبی شاہ عرف ’ڈاکٹر فائی‘ کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج ایف آئی آر نمبر 46/2020 کے سلسلے میں انجام دی گئی، جس میں ملزم کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون کی دفعات 10، 13 اور 39 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق عدالت نے یہ کارروائی دفعہ 83 سی آر پی سی (جو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا 2023 کی دفعہ 85 کے مطابق ہے) کے تحت اس لئے انجام دی کیونکہ متعلقہ عدالت پہلے ہی غلام نبی شاہ کو اشتہاری مجرم قرار دے چکی ہے۔
عدالتی احکامات کی تعمیل میں بڈگام ضلع کے گاؤں واڈون میں سروے نمبر 466 کے تحت ایک کنال دو مرلے اراضی اور گاؤں چھتہ بوگ میں سروے نمبر 343 کے تحت گیارہ مرلے اراضی کو ضبط کیا گیا ۔ اس سلسلے میں ضلع کلیکٹر بڈگام کو مذکورہ جائیدادوں کا قبضہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر علیحدگی پسند سرگرمیوں اور ایسے پروپیگنڈے میں ملوث تھا جو ملک کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کا موجب بن سکتا ہے۔ ان سنگین الزامات کو مدنظر رکھتے ہوئے بڈگام پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی شروع کی ہے۔
حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس قوم کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف کسی بھی قسم کی علیحدگی پسند سوچ کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت اور قانونی کارروائی جاری رکھے گی۔ پولیس نے واضح کیا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر علیحدگی پسندی کو فروغ دینے والوں کے لیے یہ کارروائی دو ٹوک پیغام ہے کہ قانون کے تحت سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں