جموں،29 دسمبر(یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر تحصیل میں ایک رہائشی علاقے سے مشتبہ ڈرون برآمد ہونے کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے پورے معاملے کی گہرائی سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپیشل آپریشنز گروپ مینڈھر کو اطلاع ملی تھی کہ گوہلد گاؤں میں محمد شفیق ولد مہندی خان کی ملکیتی زمین پر ایک ڈرون مشکوک حالت میں پڑا ہوا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس او جی کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق برآمد شدہ ڈرون کو تکنیکی جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اسے کہاں سے اڑایا گیا تھا، اس کا مقصد کیا تھا اور آیا اس کا تعلق کسی غیر قانونی سرگرمی سے ہے یا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیاں ڈرون کے ممکنہ نیٹ ورک اور اس کو آپریٹ کرنے والے عناصر کی شناخت کے لیے مزید تصدیقی کارروائی میں مصروف ہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
0
