0

پونچھ اور کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری

جموں،30 دسمبر(یو این آئی)نئے سال سے قبل جموں و کشمیر کے پونچھ اور کشتواڑ اضلاع میں ممکنہ دہشت گرد نقل و حرکت کی اطلاعات کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے منگل کے روز وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع کے مطابق جنگلاتی علاقوں، سرحدی پٹی اور دشوار گزار پہاڑی مقامات پر سرچ آپریشنز کو انتہائی چوکسی کے ساتھ انجام دیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو ڈوڈہ–کشتواڑ جنگلاتی بیلٹ میں سرگرم دو دہشت گرد گروپوں کی موجودگی کے حوالے سے مخصوص اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد کِیشوان–چھاترو میں کڑا محاصرہ قائم کر کے وسیع سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
فورسز نے علاقے کی نگرانی کے لیے ڈرونز، جدید فضائی نگرانی کے آلات اور گراؤنڈ سپورٹ سسٹمز کا استعمال کیا، تاکہ کارروائی کے دوران کسی قسم کی مشتبہ نقل و حرکت کو فوری طور پر ٹریک کیا جا سکے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج کی ‘رومیو فورس’ نے پونچھ کے خانتیر ٹاپ اور اس کے ملحقہ سرحدی علاقوں میں بھی تلاشی کارروائیاں انجام دیں، جہاں گزشتہ رات مشتبہ آمد و رفت کی رپورٹس موصول ہوئی تھیں۔ کارروائی میں فضائی معاونت کے ساتھ کھوجی کتوں کی بھی خدمات حاصل کی گئی۔
ادھر پٹھانکوٹ–جموں–سری نگر قومی شاہراہ پر کٹھوعہ، سانبہ، جموں اور اُدھمپور اضلاع میں گاڑیوں کی چیکنگ میں غیر معمولی تیزی لائی گئی ہے تاکہ کسی بھی تخریبی سرگرمی کا پیشگی سدباب کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں، انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد بین الاقوامی سرحد کے ساتھ تعینات بارڈر سیکورٹی فورس اور مقامی پولیس نے سرحدی سیکورٹی گرڈ کو مزید فعال کر دیا ہے، جب کہ ممکنہ دراندازی کے پیش نظر ویلیج ڈیفنس گارڈز اور بارڈر پولیس یونٹس کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
سیکورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ نئے سال کے پیش نظر پوری خطے میں ہائی الرٹ برقرار رہے گا اور کسی بھی مشتبہ حرکت یا خطرے کے تدارک کے لئے تمام ادارے مشترکہ طور پر ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں