ابوجہ، 5 جنوری (یو این آئی) نائجیریا کے شمالی علاقے میں دریائے یوبے پر مقامی ماہی گیروں اور کسانوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 14 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ایمرجنسی سروسز اور پولیس نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔
یوبے اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے سربراہ محمد گوجے نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتہ کی شام نگورو مقامی حکومتی علاقے کے گربی قصبے میں کشتی پلٹنے کے بعد 13 دیگر مسافروں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
گوجے کے مطابق لکڑی کی یہ کشتی شمال مغربی ریاست جگاوا کے ہمسایہ قصبے ادیانی سے شمالی ریاست یوبے جا رہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ایمرجنسی ریسکیو ٹیموں اور مقامی رضاکاروں نے متاثرین کو بچانے کے لیے فوری کارروائی شروع کر دی تھی۔
جگاوا پولیس کے ترجمان لاوان شیسو نے اتوار کو فون پر بتایا کہ ہفتہ کی شام جب کشتی ادیانی گاؤں سے روانہ ہوئی تو اس میں کم از کم 52 افراد سوار تھے اور کشتی ضرورت سے زیادہ بھری ہوئی تھی۔
شیسو نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 14 تھی، تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران اس میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے واقعے کے اسباب کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
نائجیریا میں کشتی حادثات عام ہیں، جو اکثر زیادہ بوجھ، خراب موسم اور آپریشنل خامیوں کے باعث پیش آتے ہیں۔
0
