سری نگر،8 جنوری(یو این آئی) سری نگر کے پائین شہر میں آتشزدگی کے واقعے میں تین رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر سروس کے ایک اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شروعات پاندان نوہٹہ کے ایک رہائشی ڈھانچے سے ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دو مزید آس پاس کے مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی اور مقامی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر سروس، پولیس اور مقامی رضاکار فوری طور پر جائے واقعہ پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ آگ بجھانے کے دوران فائر مین سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔
فائر سروس حکام نے کہا کہ مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا تاہم تین رہائشی مکانات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بھی پانی کی بالٹیاں اور دیگر وسائل استعمال کرتے ہوئے بچاؤ کارروائی میں حصہ لیا۔
آگ کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب متاثرہ کنبوں نے حکام سے امدادی اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ انہیں شدید سردی کے دوران رہائش اور ضروری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
0
