0

سرکاری نوکریاں دلوانے کے بہانے پر دھوکہ دہی کے الزام میں 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج: سی بی کے

سری نگر، 18 جنوری (یو این آئی) کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے سرکاری ملازمتیں دلوانے کے بہانے پر دھوکہ دینے کے الزام میں 7 افراد کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔
ونگ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ مقدمہ کرائم برانچ کو موصول ہونے والی ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ بعض افراد مختلف سرکاری محکموں بشمول بینکوں، محکمہ زراعت اور دفاعی خدمات میں ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کرکے امیدواروں کو دھوکہ دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی الزام لگایا گیا کہ ملزموں نے مختلف متاثرین سے تقریباً 39 لاکھ روپیوں کی خطیر رقم سرکاری ملازمت دلانے کے عوض وصول کی لیکن جائز ملازمت فراہم کرنے کے بجائے ملزموں نے متاثرین کو جعلی اور فرضی تقرری نامے فراہم کئے۔
ان کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد کرائم برانچ کی جانب سے ابتدائی جانچ شروع کی گئی اور تفتیش کے دوران الزامات بادی النظر میں درست پائے گئے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نےدھوکہ دہی اور فراڈ کے لئے دوسرے افراد کے نام پر رجسٹر سم کارڈز استعمال کئے اور متاثرین کو دیے گئے تقرری ناموں کی جانچ سے یہ بھی تصدیق ہوئی کہ یہ دستاویزات جعلی اور فرضی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزموں کے یہ افعال بادی النظر میں تعزیرات ہند (آر پی سی) کی دفعات 420،468، 472 اور 120 – بی کے تحت قابل سزا جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں نوٹس لیا گیا اور کرائم برانچ کشمیر کے پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں