سری نگر،18جنوری(یو این آئی) منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے خانیار پولیس نے نے ایک اہم آپریشن کے دوران ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ہیروئن برآمد کی ہے، جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق، تھانہ خا نیار کی ایک ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران منورآباد میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے نزدیک ایک مشکوک شخص کو روک کر تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی اس کے بیگ سے تقریباً 1.6 کلوگرام ہیروئن کے دو پیکٹ برآمد ہوئے۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد اس کی شناخت فیاض احمد ڈار ولد غلام حسین ڈار ساکن اچھہ گام بڈگام کے طور پر ہوئی۔
پولیس نے فوری طور پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 04/2026 درج کرکے اسے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سرینگر پولیس نے اس کارروائی کو منشیات کے خلاف اپنی مسلسل اور سخت مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سماج کو اس ناسور سے بچانے کے لیے سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے کاروبار یا منشیات کے استعمال سے متعلق کسی بھی اطلاع کو بلا جھجھک متعلقہ تھانے کے ساتھ شیئر کریں.
0
